بلوچستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے کی عالمی کانفرنس میں نمائندگی

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

انطالیہ، 19 نومبر: ڈائریکٹر جنرل اور ریلیف کمشنر پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان غوریزئی نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی سے متعلق 31ویں عالمی کانفرنس (COP31) میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور بلوچستان میں قدرتی آفات کے خطرات کم کرنے کے لیے صوبائی اقدامات اور حکمت عملی پیش کی۔

پاکستان پویلین میں منعقدہ خصوصی پینل سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ’’بلوچستان میں موسمیاتی خطرات سے محفوظ نظام کی تشکیل: قدرتی آفات کے خطرات میں کمی اور پیشگی اقدامات کو ادارہ جاتی شکل دینا‘‘ کے موضوع پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔

اجلاس میں مختلف ممالک کے نمائندوں، بین الاقوامی ترقیاتی و انسانی ہمدردی کے اداروں کے شراکت داروں اور محققین نے شرکت کی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بلوچستان کے مربوط موسمیاتی لچک اور آفات سے پیشگی تیاری کے پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے مراکز کو جدید خطوط پر استوار کرنے، متعدد قدرتی خطرات سے متعلق ابتدائی وارننگ سسٹم کو مؤثر بنانے اور آفات سے قبل حفاظتی اقدامات کی صلاحیت بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے شہری علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو کی صلاحیت بہتر بنانے، خواتین کی قیادت میں دیہی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹیوں کے قیام اور پانی، شمسی توانائی اور ذرائع معاش کو موسمیاتی خطرات سے محفوظ بنانے کے اقدامات بھی پیش کیے۔

اس موقع پر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تبادلہ خیال اور تعاون کے نئے امکانات بھی سامنے آئے، جن کا مقصد بلوچستان کو قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے زیادہ محفوظ اور مستحکم بنانا ہے۔

پی ڈی ایم اے بلوچستان نے اس عالمی فورم پر صوبے کی نمائندگی کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے حکومت بلوچستان، محکمہ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات اور تمام متعلقہ شراکت داروں کے تعاون کو سراہا۔

Web Desk

Comments are closed.