پشکان میں خصوصی افراد کی گھر گھر رجسٹریشن کا انتظام کرنے پر اتفاق
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
گوادر: رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کے معاون خصوصی وسیم صمد نے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر گوادر میرجان سے ملاقات کی، جس میں پشکان کے خصوصی افراد کی رجسٹریشن اور انہیں سرکاری سہولیات و فلاحی پروگراموں تک رسائی فراہم کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں بتایا گیا کہ مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کی کوششوں اور نادرا کے تعاون سے گزشتہ دنوں پشکان میں موبائل رجسٹریشن وین بھیجی گئی تھی تاکہ خصوصی افراد کے لیے رجسٹریشن کا عمل آسان بنایا جاسکے۔
ایسے افراد جو شدید جسمانی معذوری کے باعث گھروں سے باہر نکلنے سے قاصر ہیں، ان کی سہولت کے لیے خصوصی رجسٹریشن ڈیوائس کے ذریعے گھر گھر رجسٹریشن کا انتظام کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
اس سلسلے میں محکمہ سوشل ویلفیئر اور نادرا حکام کے درمیان مشاورت کے بعد نادرا کی ٹیم کی جانب سے پشکان میں گھر گھر جا کر خصوصی افراد کی رجسٹریشن کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی خصوصی فرد جسمانی معذوری یا نقل و حرکت میں دشواری کے باعث سرکاری سہولیات اور فلاحی حقوق سے محروم نہ رہے۔
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد مستحق افراد کو کمک پروگرام اور دیگر حکومتی فلاحی اقدامات کے تحت دستیاب سہولیات سے استفادہ کرنے کا موقع مل سکے گا۔
یہ اقدام خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، سماجی شمولیت اور بنیادی حقوق کے تحفظ سے متعلق صوبائی حکومت کی پالیسی کا حصہ ہے۔


Comments are closed.