بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین کی عالمی تعلیمی کانفرنس میں شرکت، صوبے کی نمائندگی کی

5

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ: چیئرمین بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ ڈاکٹر گلاب خلجی نے تیسری بین الاقوامی اسکول ایوارڈز اور گلوبل اسکولز کانفرنس 2026 میں شرکت کرتے ہوئے بلوچستان کی نمائندگی کی۔

انٹرنیشنل اسکول نیٹ ورکس کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے پالیسی سازوں، نصاب کے ماہرین، تعلیمی محققین، ماہرین تعلیم اور اسکولوں کے سربراہان نے شرکت کی۔

کانفرنس میں رکن قومی اسمبلی شمیلہ رانا، دارِ ارقم اسکول سسٹم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری منیر احمد اور میاں مصدق منیر سمیت دیگر شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر گلاب خلجی نے کہا کہ اس بین الاقوامی اجتماع کا مقصد تعلیمی شعبے میں نمایاں خدمات اور کامیابیوں کا اعتراف کرنے کے ساتھ اسکولوں کے تعلیمی نظام میں مثبت، مؤثر اور پائیدار تبدیلیوں کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے تحقیق پر مبنی نصاب سازی، جدید تدریسی طریقہ کار اور معیاری تعلیم کے فروغ کے درمیان مضبوط تعلق قائم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تعلیمی نظام کو مستقبل کے چیلنجز سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جدید تحقیق، مؤثر پالیسی سازی، نصاب میں بہتری اور تدریسی عمل میں جدت کو ترجیح دینا ہوگی تاکہ طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق علم اور مہارتوں سے آراستہ کیا جاسکے۔

ڈاکٹر گلاب خلجی کی کانفرنس میں شرکت بلوچستان کے تعلیمی شعبے، بالخصوص نصاب سازی اور تعلیمی معیار میں بہتری کے حوالے سے صوبے کے تجربات اور ترجیحات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

Web Desk

Comments are closed.