گوادر میں پاکستان اوورسیز انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گوادر: گوادر پورٹ اتھارٹی، پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ، جامعہ گوادر اور چین کے چنگ ڈاو ہاربر ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج کے درمیان گوادر میں پاکستان اوورسیز انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

منصوبے کا مقصد گوادر اور بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید فنی و پیشہ ورانہ تعلیم اور بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنا ہے۔ مجوزہ ادارے میں میرین انجینئرنگ، نیویگیشن ٹیکنالوجی، میری ٹائم سیفٹی، شپ ٹیکنالوجی اور بندرگاہی مشینری سمیت اہم شعبوں میں خصوصی تعلیمی اور تربیتی پروگرام متعارف کرائے جائیں گے۔

سال 2026 سے 2030 تک پانچ سالہ تعاون کے تحت نصاب سازی، مشترکہ تعلیمی پروگراموں، اساتذہ کی تربیت، جدید تکنیکی مہارتوں، تحقیق اور عملی تربیت پر توجہ دی جائے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نے کہا کہ تکنیکی تعلیم کو صنعتی اور بندرگاہی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس اقدام سے مقامی نوجوانوں کو جدید مہارتیں حاصل کرنے اور مستقبل کے روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملے گی۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد نے معاہدے کو فنی تعلیم کے فروغ اور ادارہ جاتی تعاون میں اہم پیش رفت قرار دیا۔

چنگ ڈاو ہاربر ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج کے وائس پریذیڈنٹ و پارٹی سیکریٹری نے بھی تعلیمی و تکنیکی تعاون، مہارتوں کے تبادلے اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

شینڈونگ پورٹ گروپ کی معاونت سے طلبہ کو صنعتی ماحول میں عملی تربیت اور تکنیکی تجربات کے مواقع بھی فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔

Web Desk

Comments are closed.