لورالائی ڈویژن میں غیر حاضری اور فرائض میں غفلت پر محکمانہ کارروائی ہوگی، کمشنر
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
لورالائی: کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے واضح کیا ہے کہ سرکاری فرائض میں غفلت، غیر حاضری اور عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ افسران اور ملازمین مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر اپنا اسٹیشن نہیں چھوڑ سکیں گے۔
وہ ڈویژنل محکموں کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں مختلف محکموں کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں، انتظامی امور اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائیں اور ترقیاتی منصوبوں کے دوروں کے دوران تصاویر، پیش رفت اور کارکردگی پر مشتمل رپورٹس مرتب کریں۔
انہوں نے سرکاری دفاتر میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آنے، عوامی شکایات ترجیحی بنیادوں پر سننے اور ان کے فوری ازالے کی ہدایت کی۔
کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری بھرتیوں اور تقرریوں کے لیے محکمہ خزانہ کی مالیاتی تصدیق لازمی ہوگی اور اس کے بغیر کسی تقرری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


Comments are closed.