گوادر کمیونٹی مڈوائفری اسکول کا نرسنگ کالج میں اپ گریڈیشن کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گوادر: ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے کمیونٹی مڈوائفری اسکول گوادر کا دورہ کرکے ادارے کے تدریسی و تربیتی شعبوں، دستیاب سہولیات اور جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

دورے کے موقع پر پرنسپل سمن نے ان کا استقبال کیا جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈی جی ہیلتھ نے زچہ و بچہ کی صحت، محفوظ زچگی اور بنیادی طبی نگہداشت سے متعلق تعلیم اور عملی تربیت کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مڈوائفری اسکول کو نرسنگ کالج کا درجہ ملنے کے بعد داخلوں اور باقاعدہ تدریسی کلاسز کے آغاز کے حوالے سے پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔

ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے کہا کہ معیاری طبی تعلیم اور تربیت یافتہ طبی عملے کی تیاری صوبائی حکومت کی صحت عامہ کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ کمیونٹی مڈوائفز محفوظ زچگی اور ماں و بچے کی صحت کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے انہیں جدید تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم اور عملی تربیت فراہم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے ادارے کی تدریسی استعداد بڑھانے، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور نرسنگ کالج میں تعلیمی سرگرمیوں کے جلد آغاز کی ہدایت کی، تاکہ گوادر سمیت بلوچستان کے نوجوانوں کو طبی تعلیم کے بہتر مواقع میسر آئیں۔

Web Desk

Comments are closed.