دکی میں ترقیاتی منصوبوں، کان کنوں کی حفاظت اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کا جائزہ

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

دکی: ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس پی دکی محمد یونس رضا، ضلعی محکموں کے سربراہان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام اور بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور بروقت تکمیل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں کی جان و مال کے تحفظ، حفاظتی آلات کی دستیابی اور ضروری اقدامات پر خصوصی غور کیا گیا۔ بجلی کے واجبات کی ادائیگی اور بجلی سے متعلق مسائل بھی زیر بحث آئے۔

شرکاء نے سرکاری و نجی اراضی پر تجاوزات، غیر قانونی پٹرول پمپس، بجلی چوری، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، منشیات اور غیر قانونی آبادکاری کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔

اجلاس میں کھلی کچہریوں کے دوران سامنے آنے والے عوامی مسائل اور ان کے حل کے لیے کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، کان کنوں کی حفاظت، عوامی مسائل کا فوری حل اور قانون کی عملداری ضلعی انتظامیہ کی اہم ترجیحات ہیں۔

Web Desk

Comments are closed.