لورالائی میں مال مویشیوں کی فراہمی کے منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات تیز کرنے کی ہدایت
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
لورالائی: ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے یونین کونسل شاہ کاریز میں مال مویشیوں کی فراہمی کے منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات مقررہ مدت میں مکمل کرکے جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ان کی زیر صدارت بلوچستان دیہی معاونتی پروگرام کی انتظامیہ اور آڈٹ ٹیموں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلوچستان دیہی معاونتی پروگرام اور پاکستان تخفیف غربت فنڈ کے اشتراک سے جاری منصوبے کی تحقیقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مال مویشیوں کی خریداری اور تقسیم، مستحق افراد کے انتخاب، مالی معاملات، متعلقہ دستاویزات اور مختص فنڈز کے استعمال سے متعلق ریکارڈ کی جانچ پڑتال پر غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تحقیقات مکمل شفافیت، غیر جانبداری اور دستیاب حقائق و شواہد کی بنیاد پر کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح اور غربت کے خاتمے کے لیے مختص فنڈز کے استعمال میں شفافیت، میرٹ اور جوابدہی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات میں مالی بے ضابطگیاں یا بدعنوانی ثابت ہوئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون اور متعلقہ قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔


Comments are closed.