عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
چمن، 22 نومبر: شمشاد رائٹرز فورم پاکستان کے مرکزی صدر اور رکن یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان حافظ محمد صدیق مدنی نے معروف سینئر صحافی اور پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق کے سابق قومی رابطہ کار حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وفات سے قومی صحافت اور انسانی حقوق کی جدوجہد میں ایک ایسا خلا پیدا ہوگیا ہے جو مدتوں پُر نہیں ہوسکے گا۔
اپنے تعزیتی بیان میں حافظ محمد صدیق مدنی نے کہا کہ حسین نقی ایک کہنہ مشق، اصول پسند اور باوقار صحافی تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی حق و سچ کی سربلندی، آزادیٔ صحافت، جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے گزاری۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم کی صحافتی خدمات، اصولی مؤقف، فکری بصیرت اور انسانی حقوق کے لیے بے لوث جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان کے انتقال سے پاکستان ایک مدبر صحافی، انسانی حقوق کے توانا علمبردار اور جمہوری و صحافتی اقدار کے مخلص محافظ سے محروم ہوگیا ہے۔
محمد صدیق مدنی نے مزید کہا کہ حسین نقی کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا صرف صحافتی حلقوں ہی میں نہیں بلکہ انسانی حقوق کی تحریک میں بھی طویل عرصے تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔


Comments are closed.