صوبائی وزیر زراعت حاجی میر علی مدد جتک نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 24 نومبر: صوبائی وزیر زراعت حاجی میر علی مدد جتک نے بلاک نمبر 14 میں واقع اپنے دفتر میں باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت سردار کوہیار خان ڈومکی، وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، معاون خصوصی برائے وزیر داخلہ بابر یوسفزئی سمیت دیگر اہم شخصیات نے ان کے دفتر پہنچ کر انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر حاجی میر علی مدد جتک نے کہا کہ عوام اور پارٹی کی جانب سے ملنے والا اعتماد ان کے لیے باعث فخر ہونے کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ وہ عوامی توقعات پر پورا اترنے اور خدمت کے سفر کو مزید تیز کرنے کے لیے بھرپور جذبے اور خلوص کے ساتھ کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح اپنے حلقے کے عوام کے بنیادی مسائل کا حل، علاقے کی تعمیر و ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ زراعت بلوچستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، فعال اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ، کسانوں کو سہولیات کی فراہمی، زرعی پیداوار میں اضافے اور چھوٹے کاشتکاروں کی معاونت کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی معیشت میں زراعت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے اور کسانوں کی خوشحالی براہ راست صوبے کی معاشی ترقی سے وابستہ ہے۔ ان کی کوشش ہوگی کہ محکمہ زراعت کی کارکردگی بہتر بنا کر صوبے کے زرعی شعبے کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا جائے۔

حاجی میر علی مدد جتک نے کہا کہ عوام کی خدمت ان کا مشن ہے اور وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں علاقے کی ترقی، کسانوں کی خوشحالی اور بلوچستان کی مجموعی تعمیر و ترقی کے لیے بروئے کار لائیں گے۔

Web Desk

Comments are closed.