بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مطلوب افراد کی اطلاع پر 25 کروڑ روپے تک انعام کا اعلان
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست جاری کرتے ہوئے ان کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے پانچ لاکھ روپے سے 25 کروڑ روپے تک انعامات کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری اشتہار کے مطابق مطلوب افراد میں بشیر زیب اور رحمان گل سمیت متعدد افراد شامل ہیں۔ رحمان گل اور بشیر زیب کے بارے میں مستند اطلاع فراہم کرنے پر الگ الگ 25 کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے، جبکہ دیگر مطلوب افراد کے لیے بھی مختلف رقوم کے انعامات رکھے گئے ہیں۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مطلوب افراد کے بارے میں کسی بھی مستند اطلاع کی صورت میں متعلقہ حکومتی اداروں سے رابطہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اطلاع فراہم کرنے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی اور انعامات کی ادائیگی مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے گی۔


Comments are closed.