عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور، 26 نومبر: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے صوبے کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور قائم مقام وائس چانسلرز نے مشترکہ ملاقات کی، جس میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، جامعات کی ترقی، طلبہ کو جدید سہولیات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے وائس چانسلر اور گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی، کلام بی بی یونیورسٹی بنوں اور یونیورسٹی آف لکی مروت کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر اورنگزیب خان اور ایگریکلچر یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر لطیف گوندل شریک تھے۔
ملاقات کے دوران خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کی سولرائزیشن، طلبہ کی آمدورفت کے لیے الیکٹرک بسوں کی فراہمی، اضافی گرانٹ اور آصفہ بھٹو زرداری سینٹر آف ایکسیلنس فار ویمنز ڈیجیٹل اینڈ انٹرپرینیورشپ ایمپاورمنٹ کے قیام سمیت مختلف منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔
گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے پہاڑپور میں سب کیمپس، علامہ اقبال چیئر، یونیورسٹی کیمپس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی قومی سطح کی کرکٹ اکیڈمی اور مصنوعی ذہانت کے مرکز کے قیام کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔
اس موقع پر خواتین کے لیے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام سے نرسنگ کالج یا انسٹیٹیوٹ کے قیام، جامعات کی سولرائزیشن کے لیے اضافی فنڈز اور طلبہ کے لیے الیکٹرک بسوں کی فراہمی سے متعلق ضروریات بھی گورنر کے سامنے رکھی گئیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم، تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے جامعات کے اہم منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


Comments are closed.