خیبرپختونخوا پاکستان کو 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، گورنر

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

پشاور، 26 نومبر: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اپنے توانائی کے وسائل، معدنی ذخائر، جغرافیائی اہمیت اور باصلاحیت نوجوانوں کی بدولت پاکستان کو 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

اے سی سی اے پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پاکستان کو 100 ارب ڈالر کی برآمدات کے ہدف تک پہنچانے کے لیے تمام صوبوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ خیبرپختونخوا میں 30 ہزار میگاواٹ پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جس سے استفادہ کرکے ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے معدنی وسائل کی مقامی سطح پر پراسیسنگ اور ان کی قدر میں اضافے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔ کان کنی کے شعبے میں شفافیت، قانون کی بالادستی اور مقامی آبادی کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں کا فروغ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔ صوبے کی قدرتی خوبصورتی، ثقافتی ورثہ اور تجارتی راستے سیاحت اور علاقائی روابط کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا مستقبل دہشت گردی سے نکل کر سیاحت، تجارت اور ٹیکنالوجی کی جانب پیش قدمی میں ہے۔ پائیدار امن معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کی بنیادی شرط ہے۔

گورنر نے مزید کہا کہ مالیاتی شفافیت، جوابدہی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔ خیبرپختونخوا اپنے توانائی کے وسائل، قدرتی ذخائر اور انسانی سرمائے کے ذریعے ملکی خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہمارا وژن ایک بدلتا، نکھرتا اور مضبوط خیبرپختونخوا ہے

Web Desk

Comments are closed.