محکمہ مواصلات و تعمیرات میں آڈٹ اعتراضات کا جائزہ، مالی شفافیت پر زور

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ: سیکریٹری مواصلات و تعمیرات بلوچستان بابر خان کی زیر صدارت محکمہ کی ڈپارٹمنٹل آڈٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالی اور انتظامی امور سے متعلق آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر آڈٹ ورکس بلوچستان عابد کاکڑ، چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

کمیٹی نے مختلف آڈٹ اعتراضات کا انفرادی طور پر جائزہ لیا، جبکہ متعلقہ افسران نے دستیاب ریکارڈ، دستاویزی شواہد اور وضاحتیں پیش کیں۔

ریکارڈ اور وضاحتوں کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے ان اعتراضات کو نمٹانے کا فیصلہ کیا جن کے حوالے سے تسلی بخش دستاویزات اور شواہد فراہم کیے گئے تھے۔ دیگر اعتراضات کو مزید تصدیق اور متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد نمٹانے کے لیے زیر غور لایا جائے گا۔

بابر خان نے زور دیا کہ سرکاری خزانے کے ہر روپے کا مکمل حساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری فنڈز عوام کی امانت ہیں اور ان کا شفاف و قانونی استعمال ہر افسر کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ مطلوبہ ریکارڈ بروقت فراہم کیا جائے اور آڈٹ اعتراضات کے جواب میں مکمل دستاویزی شواہد پیش کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شفافیت، احتساب اور مالی نظم و ضبط محکمہ کے امور میں بنیادی اصول رہیں گے۔

Web Desk

Comments are closed.