عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کراچی: اسٹائل رن وے فیشن شو پاکستان کے 19ویں سیزن کا انعقاد کلارک ٹاور، سی ویو کراچی میں کیا گیا، جس میں معروف ماڈلز نے ریمپ پر جلوہ گر ہوکر فیشن ڈیزائنرز کے تخلیقی ملبوسات اور جدید فیشن رجحانات پیش کیے۔
تقریب کے چیف آرگنائزر ضیاء ظفر تھے۔ فیشن شو میں سنیتا مارشل، زہرا عامر، صباحت سرہندی، سارہ عمیر، بنیتا ڈیوڈ، سدرا ساجد، ردا خان، سحر اختر اور فوزان خان سمیت دیگر معروف ماڈلز نے شرکت کی اور ریمپ پر اپنے منفرد انداز اور پراعتماد واک سے حاضرین کی توجہ حاصل کی۔
اس موقع پر چیف آرگنائزر ضیاء ظفر نے کہا کہ وہ گزشتہ 19 سال سے اسٹائل رن وے فیشن شو کا انعقاد کررہے ہیں۔ اس طویل سفر کے دوران متعدد فیشن ڈیزائنرز کو متعارف کرانے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت فیشن ڈیزائنرز کی کمی نہیں اور ہمارے تخلیق کار بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔
سینئر اداکارہ سارہ عمیر نے کہا کہ جونیئر فنکاروں اور ماڈلز کے ساتھ کام کرکے انہیں خوشی ہوئی۔ نئی نسل کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ خوشگوار رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرام فنکاروں کو ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل نے کہا کہ اسٹائل رن وے فیشن شو کا مقصد پاکستانی فیشن انڈسٹری کو فروغ دینا، نئے ٹیلنٹ کو متعارف کرانا اور ڈیزائنرز کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنے کام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس آر ایف ایک برانڈ بن چکا ہے اور گزشتہ کئی سال سے اس کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے۔
ماڈل بنیتا ڈیوڈ نے فیشن شو میں پیش کیے گئے ملبوسات، جیولری اور میک اپ کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیشن انڈسٹری کی ترقی اور نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے ایسے پروگراموں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
اسٹائل رن وے فیشن شو پاکستان کے 19ویں سیزن میں معروف ماڈلز کی شرکت اور ریمپ واک نے تقریب کو نمایاں بنایا، جبکہ اس ایونٹ کے ذریعے پاکستانی فیشن انڈسٹری کے تخلیقی کام اور نئے ٹیلنٹ کو اجاگر کیا گیا۔


Comments are closed.