بلوچستان میں سرمایہ کاری، صنعت اور روزگار کے فروغ کے لیے حکومت، نجی شعبے اور جامعات میں اشتراک ناگزیر ہے، وزیراعلیٰ

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 18 نومبر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے حکومت، نجی شعبے اور تعلیمی اداروں کے درمیان مؤثر اشتراک ضروری ہے۔ جامعات کو روایتی تعلیم کے ساتھ تحقیق، ہنرمندی، جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی تعلیم کو بھی فروغ دینا ہوگا تاکہ نوجوان عملی زندگی میں معاشی طور پر خودمختار ہو سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبے میں حکومتی سطح پر 21 سال کے وقفے کے بعد منعقد ہونے والی اس ایکسپو کا افتتاح وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کیا۔

تقریب میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ایکسپو میں بلوچستان سمیت ملک بھر کی 100 سے زائد کمپنیوں، صوبائی محکموں اور وفاقی ریگولیٹری اداروں نے اپنے اسٹالز قائم کیے ہیں، جہاں مقامی مصنوعات، صنعتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایکسپو کا بنیادی مقصد بلوچستان کی کاروباری برادری کو قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ براہِ راست روابط اور کاروباری شراکت داری کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے جامعات، بالخصوص بیوٹمز، کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور کاروباری برادری کے تعاون کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کے مجموعی رقبے کا تقریباً 47 فیصد ہے اور صوبے کو بنیادی ڈھانچے، صنعتی ترقی اور کاروباری سہولیات کے حوالے سے مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکومت ان مسائل سے آگاہ ہے اور عملی اقدامات کے ذریعے سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن و امان، شاہراہوں اور تجارتی راہداریوں کی بہتری سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے تعاون سے اس سلسلے میں اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ حکومت، سکیورٹی فورسز اور پاک فوج ان کے جان و مال اور کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کی راہ میں غیر ضروری دفتری پیچیدگیاں بڑی رکاوٹ ہیں، اس لیے حکومت ون ونڈو آپریشن اور ٹیکنالوجی پر مبنی سہولیات کو مؤثر بنا رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر ضروری خدمات فراہم کی جا سکیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوان صوبے کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل ہیں۔ حکومت تعلیم، ہنرمندی اور کاروبار کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کو معاشی ترقی سے منسلک کرنا چاہتی ہے، تاہم حکومت اکیلے تمام نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم نہیں کر سکتی۔ روزگار کے نئے مواقع کے لیے نجی شعبے اور صنعتی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ مقامی نوجوانوں کو ملازمت اور تربیت کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کریں، جبکہ جامعات اور صنعتوں کے درمیان روابط مضبوط بنائے جائیں تاکہ طلبہ کو دورانِ تعلیم مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق عملی تربیت مل سکے۔

وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 25 ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی اضلاع کے نوجوانوں کے لیے مزید روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بھی وفاقی حکومت سے بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ BITE 2026 صوبے میں سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ نوجوانوں کے لیے روزگار اور معاشی خودمختاری کے نئے امکانات پیدا کرے گی۔

Web Desk

Comments are closed.