وزیراعلیٰ بلوچستان نے وکلاء کی فلاح و تحفظ کے لیے چار اہم نوٹیفکیشنز حوالے کر دیے

2

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 18 نومبر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان بار کونسل اور بلوچستان بار کونسل کے نمائندہ وفد کو وکلاء کی فلاح و بہبود، طبی سہولیات، قانونی معاونت اور مالیاتی سہولیات سے متعلق چار اہم حکومتی نوٹیفکیشنز حوالے کر دیے۔

اس موقع پر پاکستان بار کونسل اور بلوچستان بار کونسل کے اراکین ایڈووکیٹ منیر احمد کاکڑ، ایڈووکیٹ نادر علی چھلگری، نجیب احمد کاکڑ اور افضل حریفال موجود تھے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے تحت محکمہ قانون وکلاء کو قانونی مشاورتی معاونت فراہم کرے گا، جبکہ محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن کے مطابق انہیں گریڈ 18 کے سرکاری ملازمین کے مساوی طبی سہولیات دی جائیں گی۔

محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے تحت دورانِ فرائض دہشت گردی یا کسی ناخوشگوار واقعے میں جاں بحق ہونے والے وکلاء کو شہید قرار دے کر شہداء کے لیے مقررہ حکومتی مراعات اور فوائد فراہم کیے جائیں گے۔

اسی طرح محکمہ خزانہ کی جانب سے وکلاء کو مالیاتی اداروں سے قرضوں، کریڈٹ کارڈز اور دیگر بینکاری سہولیات تک رسائی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وکلاء معاشرے میں قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور آئینی حقوق کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ حکومت بلوچستان ان کی پیشہ ورانہ ضروریات، فلاح و بہبود اور تحفظ کو اہمیت دیتی ہے اور سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

وفد نے حکومتی اقدامات پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔

Web Desk

Comments are closed.