بلوچستان میں مالیاتی نظم و نسق بہتر بنانے کے لیے افسران کی تربیت جاری

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 18 نومبر: محکمہ خزانہ بلوچستان کے زیر اہتمام افسران کا تربیتی پروگرام چوتھے روز بھی جاری رہا، جس میں مالیاتی نظم و نسق، ادارہ جاتی حکمرانی، سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک اور جدید رپورٹنگ نظام سے متعلق موضوعات پر تربیت فراہم کی گئی۔

صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، سیکرٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ اور اسپیشل سیکرٹری عارف اچکزئی نے تربیتی پروگرام کا دورہ کیا اور زیرِ تربیت افسران سے ملاقات کی۔ انہوں نے پروگرام کے مقاصد اور پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے سرکاری امور کی بہتر انجام دہی کے لیے جدید علم اور پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔

تربیتی سیشنز کے دوران بشیر احمد نے ادارہ جاتی نظم و نسق، سرکاری ملکیتی اداروں کی کارپوریٹ حکمرانی، سرمایہ کاری، شفافیت اور جواب دہی کے امور پر روشنی ڈالی۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر نور محمد نے سرکاری اور نجی شعبے کے اشتراک پر مبنی ترقیاتی نظام، متعلقہ قانونی و انتظامی ڈھانچے اور اداروں کے کردار و ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔

ڈائریکٹر ایم آئی ایس عاصم محمود نے ایس اے پی رپورٹنگ، مالیاتی معلومات کے اندراج، رپورٹس کی تیاری اور جدید اطلاعاتی نظام کے ذریعے مالیاتی امور کی نگرانی سے متعلق تربیت فراہم کی۔

محکمہ خزانہ کے مطابق اس پروگرام کا مقصد افسران کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ، مالیاتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور سرکاری امور میں شفافیت و جواب دہی کو فروغ دینا ہے۔

Web Desk

Comments are closed.