کوئٹہ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی، آٹھ افراد گرفتار
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 18 نومبر: میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے بلڈنگ کنٹرول سیل نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد مقامات کو سیل کر دیا، جبکہ آپریشن کے دوران آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
بلڈنگ کنٹرول سیل کی ٹیم نے موسیٰ چیک پوسٹ کے قریب غیر قانونی طور پر تعمیر کی جانے والی عمارت کو سیل کیا۔ اسی طرح فاطمہ جناح روڈ پر بغیر اجازت جاری تعمیراتی کام کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک عمارت کو سیل کر دیا گیا۔
فاطمہ جناح روڈ پر ایک اور مقام پر غیر قانونی کھدائی اور تعمیراتی سرگرمیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی اور کام فوری طور پر بند کروا کر متعلقہ جگہ سیل کر دی گئی۔
ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات، بغیر اجازت تعمیراتی سرگرمیوں اور بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہر کی منظم منصوبہ بندی، شہریوں کے تحفظ اور تعمیراتی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔


Comments are closed.