عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
مظفرآباد، 18 نومبر: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے رتھوعہ ہریام پل کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعظم نے بدھ کو تختی کی نقاب کشائی کرکے پل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف، صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی اور وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رتھوعہ ہریام پل کی تکمیل خطے کی ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس پل کی تعمیر سے میرپور اور اس کے گردونواح کے درمیان آمدورفت اور نقل و حمل میں آسانی پیدا ہوگی۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے بھی رتھوعہ ہریام پل جیسے مزید اہم ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس پل سے مقامی آبادی کو سفری سہولیات میسر آئیں گی جبکہ علاقے میں تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔


Comments are closed.