اے این ایف کی ملک گیر کارروائیاں، 335 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد، سات ملزمان گرفتار

4

 

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف 10 کارروائیاں کرتے ہوئے 335.309 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں، جن کی مالیت تقریباً 3 کروڑ 41 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ کارروائیوں کے دوران سات ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

راولپنڈی کے علاقے کمیٹی چوک میں ایک ہوٹل کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 4.5 کلوگرام چرس اور 364 گرام ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں۔ منشیات ایم پی تھری پلیئر میں مہارت سے چھپائی گئی تھیں۔

موٹروے ایم تھری پر پنڈی بھٹیاں کے قریب دو گاڑیوں سے 265.2 کلوگرام چرس اور 34.8 کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔ منشیات اسمگلنگ میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اسلام آباد موٹروے ایم ون ٹول پلازہ پر ایک گاڑی سے 9.6 کلوگرام چرس برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ منشیات گاڑی کے دروازوں میں چھپائی گئی تھیں۔

فیصل آباد میں پینسرہ موٹروے ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم کے قبضے سے 8 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ میانوالی میں داؤد خیل، کالا باغ روڈ پر انٹیلیجنس اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار ملزم سے 4.8 کلوگرام چرس برآمد کرکے اسے گرفتار کر لیا گیا۔

فیصل آباد کے علاقے اڈہ ایک چک، سرگودھا روڈ پر کارروائی کے دوران ایک ملزم کے قبضے سے 1.7 کلوگرام چرس اور 300 گرام آئس برآمد ہوئی۔

بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمرہ کی ادائیگی کے لیے جدہ جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 1.175 کلوگرام ہیروئن برآمد کرکے اسے گرفتار کر لیا گیا۔

اسلام آباد کے علاقے آبپارہ میں ایک نجی کوریئر آفس میں اسپین بھیجے جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران دو کتابوں میں جذب کی گئی 960 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

راولپنڈی کے چکلالہ گیریژن میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل میں موجود جیکٹ سے 10 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں ایک کوریئر آفس پر انٹیلیجنس اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 3.9 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ منشیات لکڑی کے اوزاروں میں مہارت سے چھپائی گئی تھیں۔

گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

Web Desk

Comments are closed.