بلوچستان کے سرکاری اسکولوں میں درسی کتب کی طلب تین سال میں 96 لاکھ سے بڑھ کر ایک کروڑ 70 لاکھ ہوگئی

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ: بلوچستان کے سرکاری اسکولوں میں درسی کتب کی طلب گزشتہ تین سال کے دوران نمایاں طور پر بڑھ گئی ہے اور تعلیمی سال 2027 کے لیے بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کو ایک کروڑ 70 لاکھ کتابوں کی طلب موصول ہوئی ہے۔

ترجمان بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کے مطابق تعلیمی سال 2025 کے لیے 96 لاکھ جبکہ 2026 کے لیے ایک کروڑ 28 لاکھ درسی کتب کی طلب موصول ہوئی تھی۔ آئندہ تعلیمی سال کے لیے یہ تعداد بڑھ کر ایک کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ درسی کتب کی طلب میں اضافہ سرکاری تعلیمی اداروں کی بحالی، طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد اور تعلیم کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں غیر فعال سرکاری اسکولوں کو دوبارہ فعال بنانے اور وہاں تدریسی سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں سینکڑوں اسکول دوبارہ تعلیمی سرگرمیوں کا حصہ بن چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق 2026 کے دوران اسکول داخلہ مہم کے ذریعے ہزاروں بچوں کو سرکاری تعلیمی اداروں میں داخل کرایا گیا، جس سے درسی کتب کی طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ تعلیمی سیشن کے لیے درسی کتب کی بروقت تیاری، طباعت اور صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں تک ترسیل یقینی بنانے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

Web Desk

Comments are closed.