شمالی وزیرستان (21 نومبر 2026)
شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی کے علاقے حیدر خیل میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کا بھاری اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، خالی رہائشی مکان میں اسلحہ اور بارودی مواد چھپایا گیا تھا۔ مکان کی کھدائی کے دوران اینٹی ایئرکرافٹ گن، ہیوی مشین گن اور آر پی جی سیون سمیت متعدد بھاری ہتھیار برآمد ہوئے۔
برآمد ہونے والے سامان میں آر پی جی سیون کے راؤنڈز، کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹس، یو بی جی ایل راؤنڈز اور ڈیٹونیٹنگ کورڈز بھی شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ رہائشی آبادی میں بارودی مواد چھپانا شہریوں کی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ جدید اسلحے اور کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹس کی برآمدگی دہشتگردوں کے بیرونی روابط اور ممکنہ سپلائی چین کی نشاندہی کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق، چند روز قبل بھی میرعلی میں ایک مکان کے اندر فتنہ الخوارج کی جانب سے بارودی مواد تیار کرنے کے لیے قائم کی گئی لیبارٹری پکڑی گئی تھی۔
علماء و مشائخ نے رہائشی علاقوں میں بارودی مواد چھپانے، مساجد کو دہشتگردی کے لیے استعمال کرنے اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے عناصر انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
سیکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔


Comments are closed.