کوئٹہ میں 227 ٹیوب ویل بغیر این او سی چلنے کا انکشاف، بلوچستان ہائی کورٹ کا جامع سروے کا حکم

3

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

 

کوئٹہ، 22 نومبر 2026

 

بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ شہر اور گردونواح میں تمام ٹیوب ویلوں کا ازسرنو جامع سروے کرانے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) کی جانب سے غیر قانونی ٹیوب ویلوں سے متعلق تشکیل کردہ کمیٹی کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دے کر مسترد کر دی ہے۔

 

چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آئینی درخواست کی سماعت کے دوران کوئٹہ میں ٹیوب ویلوں کی مجموعی تعداد اور ان کی قانونی حیثیت سے متعلق نامکمل رپورٹ بھی مسترد کر دی۔

 

عدالت کو ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ایسٹ کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ شہر میں 295 ٹیوب ویلوں میں سے صرف 68 کے پاس این او سی موجود ہے جبکہ 227 ٹیوب ویل بغیر این او سی کام کر رہے ہیں۔

 

عدالت نے سیکرٹری پی ایچ ای کو غیر قانونی ٹیوب ویلوں کی نشاندہی کے لیے مؤثر ٹیم تشکیل دینے اور مکمل سروے کرانے کی ہدایت کی۔ سرکاری ٹیوب ویلوں پر مبینہ غیر قانونی قبضوں کا معاملہ ڈپٹی کمشنرز کوئٹہ ایسٹ اور ویسٹ کے سپرد کرتے ہوئے انکوائری اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔ عدالت نے سرکاری ٹیوب ویلوں پر غیر قانونی قابضین اور اس میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 

سماعت کے دوران بی واسا حکام نے عدالت کو بتایا کہ نجی ٹیوب ویلوں سے پانی کی فراہمی کے لیے استعمال ہونے والی بی واسا کی تقریباً 80 فیصد پائپ لائنیں منقطع کی جا چکی ہیں۔

 

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ہزارہ ٹاؤن کے سات بلاکس کو خرخسہ ڈیم کے اطراف قائم نو ٹیوب ویلوں سے پانی فراہم کیا جا رہا ہے، تاہم یہ فراہمی غیر باقاعدہ اور محدود ہے۔

 

بی واسا حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اختر آباد ڈیم کے قریب پانچ ٹیوب ویل بجلی، پائپ لائنوں اور دیگر تعمیراتی کاموں کی عدم تکمیل کے باعث تاحال فعال نہیں ہو سکے۔ سجاول آباد کے چار ٹیوب ویلوں سے ہزارہ ٹاؤن کے آبی ذخائر کو پانی فراہم کرنے کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

 

عدالت کو بتایا گیا کہ ہزارہ ٹاؤن کے مشرقی اور مغربی علاقوں کو خرخسہ ڈیم کے نو ٹیوب ویلوں سے متبادل دنوں میں پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

 

بلوچستان ہائی کورٹ نے پانی کی فراہمی کے لیے خستہ حال پائپ لائنوں کی فوری مرمت اور تبدیلی کا حکم دیتے ہوئے بی واسا کے متعلقہ انجینئر کو تمام ضروری کام بلا تاخیر مکمل کرنے اور آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔

 

عدالت نے سیکرٹری پی ایچ ای کو کوئٹہ شہر اور گردونواح میں مستقبل میں پانی کی فراہمی کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی پر مبنی رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔

 

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 دسمبر 2026 تک ملتوی کر دی۔

Web Desk

Comments are closed.