موسیٰ خیل: انسداد پولیو مہم میں کوتاہی برداشت نہیں، ڈپٹی کمشنر کی متعلقہ حکام کو ہدایت

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

موسیٰ خیل، 24 نومبر: ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خان خجک کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں گزشتہ انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ مہم کی تیاریوں سے متعلق ہدایات جاری کی گئیں۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مجیب بگٹی، عالمی ادارہ صحت کے ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر عزت اللہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نادر خان، پی پی ایچ آئی کے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر عمران بزدار، متعلقہ محکموں کے مانیٹرنگ افسران اور یونین کونسل میڈیکل افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ مہم کے دوران بعض علاقوں میں ناقص کارکردگی اور انتظامی خامیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ قومی فریضے کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ مہم کے آغاز سے قبل مائیکرو پلانز کو حتمی شکل دی جائے، تمام ٹیموں کی تربیت اور تعیناتی بروقت مکمل کی جائے اور فیلڈ میں ان کی کارکردگی کی کڑی نگرانی یقینی بنائی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ آئندہ مہم میں مقررہ اہداف کے حصول، انکاری والدین کو قائل کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں کہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔

Web Desk

Comments are closed.