بلوچستان کی پہلی ڈیجیٹل ایکسپو 21 دسمبر سے بیوٹمز میں ہوگی
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 25 نومبر 2026
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کی تاریخ میں پہلی ڈیجیٹل ایکسپو 2026 کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار روزہ ایکسپو 21 سے 24 دسمبر تک بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) میں منعقد ہوگی۔
ایکسپو میں صوبے کے ڈیجیٹلائزڈ سرکاری محکموں کی کارکردگی اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے گا، جبکہ ڈیجیٹل شعبے میں مہارت رکھنے والے نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں سے متعارف کرانے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے دور میں داخل ہو رہی ہے اور بلوچستان کو بھی روایتی طریقہ کار سے جدید نظام کی جانب منتقل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کا سب سے بڑا سرمایہ اس کے باصلاحیت نوجوان ہیں، جن کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ضروری ہے۔ ڈیجیٹل ایکسپو صوبے کے مختلف علاقوں میں موجود نوجوانوں کو اپنی مہارتیں پیش کرنے اور روزگار و کاروبار کے نئے مواقع حاصل کرنے میں مدد دے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کا لامحدود ذریعہ نہیں ہو سکتی، اس لیے نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت، کاروبار اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشی خودمختاری کی جانب بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف ملازمت حاصل کرنے کے بجائے کاروبار شروع کرنے اور دوسروں کے لیے روزگار پیدا کرنے کی سوچ اپنانی چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رائز بلوچستان پروگرام، صحت کے شعبے میں ٹیلی میڈیسن اور دہلیز ایپ سمیت مختلف ڈیجیٹل اقدامات عوام کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی وژن کا حصہ ہیں۔ صحت، تعلیم، خزانہ اور منصوبہ بندی و ترقیات سمیت مختلف محکموں میں ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون کو بھی ڈیجیٹائز کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت پر مبنی حاضری کے نظام اور صوبائی پبلک سروس کمیشن کے امتحانی نظام کو جدید، شفاف اور کاغذ سے پاک بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کا مستقبل جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور معاشی ترقی سے وابستہ ہے۔ حکومت نوجوانوں اور خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور میرٹ کی بالادستی کے لیے اصلاحات جاری رکھے گی۔
تقریب سے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو صوبے کی ڈیجیٹل صلاحیتوں، حکومتی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے امکانات کو قومی و عالمی سطح پر متعارف کرانے کا اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی


Comments are closed.