ہربوئی واٹر کی آمدن کا 100 فیصد حصہ یتیم بچوں کی فلاح پر خرچ کیا جاتا ہے، ڈاکٹر شکیل روشن
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 27 نومبر: ہربوئی واٹر محض کاروباری منصوبہ نہیں بلکہ یتیم بچوں کی تعلیم، صحت اور بہتر مستقبل کے لیے ایک فلاحی مشن ہے، جس کی آمدن کا 100 فیصد حصہ الحمد فانڈیشن کے ذریعے فلاحی سرگرمیوں پر خرچ کیا جاتا ہے۔ صاف، محفوظ اور معیاری پانی کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار الحمد گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر شکیل احمد روشن، سینئر صحافی و بیورو چیف اے پی پی بلوچستان نذر محمد بلوچ اور دیگر مقررین نے الحمد یونیورسٹی کوئٹہ میں ہربوئی واٹر کمپنی کے زیر اہتمام منعقدہ سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔




تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شکیل احمد روشن نے کہا کہ ہربوئی واٹر کا بنیادی مقصد صرف کاروبار نہیں بلکہ معاشرے کے محروم اور مستحق طبقات، بالخصوص یتیم بچوں کی تعلیم، صحت اور دیگر ضروریات میں مدد فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہربوئی واٹر سے حاصل ہونے والی آمدن کا 100 فیصد حصہ الحمد فانڈیشن کے ذریعے فلاحی سرگرمیوں پر خرچ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صاف پانی انسانی صحت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اسی لیے ہربوئی واٹر میں پانی کے معیار، بوتلوں کی تیاری اور پیکنگ کے تمام مراحل پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ صارفین کو صاف، محفوظ اور معیاری پانی فراہم کرنا کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔
ڈاکٹر شکیل احمد روشن نے کہا کہ ہربوئی واٹر سے وابستہ تمام افراد ایک نیک مقصد کا حصہ ہیں اور ان کی محنت و خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے اس فلاحی منصوبے کو بلوچستان سمیت پورے پاکستان تک وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے زیادہ سے زیادہ مستحق بچوں کی تعلیم، تربیت اور صحت کے شعبوں میں معاونت ممکن ہوگی۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں، ممبران اور ہربوئی فیملی کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقع پر سینئر صحافی و بیورو چیف اے پی پی بلوچستان نذر محمد بلوچ نے صاف پانی کی اہمیت، انسانی صحت پر اس کے مثبت اثرات اور ہربوئی واٹر کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پانی انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے صاف اور معیاری پانی کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔
نذر محمد بلوچ نے اپنے ماضی کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ اپنے گاؤں میں رہتے تھے تو وہاں پانی کے تالاب ہوا کرتے تھے، جہاں انسانوں کے ساتھ جانور بھی ایک ہی جگہ سے پانی پیتے تھے۔ اس دور میں پانی کے معیار کو جانچنے اور صاف پانی کے حصول کے لیے جدید ذرائع دستیاب نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ گاؤں سے شہر منتقل ہوئے اور ان کے بچے پیدا ہوئے تو انہیں اپنے بچپن اور گاؤں کے حالات کے بارے میں بتایا کرتے تھے۔ وہ اپنے بچوں کو سمجھاتے تھے کہ آج اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں کہ انہیں ہربوئی جیسا صاف پانی میسر ہے، جو صحت کے لیے بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ زندگی کے طور طریقے تبدیل ہوئے ہیں اور آج صاف پانی کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، کیونکہ غیر معیاری اور آلودہ پانی انسانی صحت کے لیے مختلف مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔
نذر محمد بلوچ نے کہا کہ ہربوئی واٹر کے ذریعے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ایک فلاحی مقصد سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ منصوبے کی آمدن یتیم بچوں کی تعلیم، صحت اور فلاح و بہبود پر خرچ کی جاتی ہے۔ اگر کاروباری ادارے اپنی آمدن کو معاشرتی خدمت اور انسانیت کی بھلائی کے لیے استعمال کریں تو اس سے مستحق خاندانوں کو سہارا ملنے کے ساتھ معاشرے میں خدمت خلق کا جذبہ بھی فروغ پاتا ہے۔
انہوں نے ہربوئی واٹر کی انتظامیہ اور الحمد فانڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی اور یتیم بچوں کی کفالت جیسے مقاصد قابل تحسین ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام صاف پانی کے استعمال کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں اور ایسے فلاحی منصوبوں کی حوصلہ افزائی کریں جو معاشرے کی بہتری اور انسانی خدمت کے لیے کام کر رہے ہیں۔
تقریب سے الحمد یونیورسٹی کے رجسٹرار ملک سکندر، ڈاکٹر غلام رسول، عرفان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے ہربوئی واٹر کے معیار، فلاحی سرگرمیوں اور اس منصوبے سے وابستہ افراد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت اور صاف پانی کی فراہمی کسی بھی معاشرے کی ترقی کے بنیادی ستون ہیں۔
ہربوئی منرل واٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حافظ محمد عبیداللہ روشن نے کہا کہ صارفین کا اعتماد کمپنی کے لیے سب سے بڑا سرمایہ اور ذمہ داری ہے۔ صاف، محفوظ اور صحت بخش پانی کی فراہمی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہربوئی منرل واٹر کی کامیابی صارفین کے اعتماد اور مسلسل تعاون کا نتیجہ ہے۔ کمپنی پانی کے معیار، پاکیزگی اور حفظان صحت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ صارفین اور ان کے اہل خانہ کو معیاری پانی فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہربوئی اور صارفین کے درمیان اعتماد اور محبت کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر ہربوئی واٹر کمپنی کی جانب سے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے اور شرکت کرنے والے 30 سے زائد افراد میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہربوئی واٹر کے فلاحی مشن کو مزید آگے بڑھانے اور صاف پانی کی اہمیت سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔


Comments are closed.