عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
گانگچھے، 27 نومبر: ضلعی انتظامیہ گانگچھے نے سیاحت کے فروغ، قدرتی حسن کے تحفظ اور سیاحتی مقامات کو صاف ستھرا اور پرکشش بنانے کے لیے مشہ برون ویو پوائنٹ کی تزئین و آرائش اور بہتری کا کام مکمل کر لیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر میونسپل کمیٹی خپلو کے تعاون سے ویو پوائنٹ کو بہتر بنایا گیا ہے تاکہ مقامی، ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو خوبصورت اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
مشہ برون ویو پوائنٹ سے دنیا کے مشہور اور دلکش پہاڑ مشہ بروم، ہلدی کون اور گردونواح کے دیگر قدرتی مناظر کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔ اس مقام کی بہتری کا مقصد ضلع گانگچھے کے قدرتی حسن اور سیاحتی امکانات کو اجاگر کرنا بھی ہے۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں، مقامی آبادی اور نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ ویو پوائنٹ کی دیواروں، حفاظتی حصار اور اطراف میں چاکنگ، تحریریں یا غیر ضروری نقش و نگاری سے گریز کریں اور کوڑا کرکٹ مقررہ جگہوں پر ڈال کر صفائی کا خیال رکھیں۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام اور سیاحت سے وابستہ افراد پر زور دیا ہے کہ ضلع گانگچھے کے دیگر خوبصورت اور غیر معروف سیاحتی مقامات کی نشاندہی میں بھی تعاون کریں تاکہ انہیں سیاحتی نقشے پر نمایاں کیا جا سکے اور مقامی معیشت و روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو۔


Comments are closed.