قلات: کیسکو کی خالی آسامیوں پر انٹرویوز کے لیے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
قلات، 27 نومبر: ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری کی زیرِ صدارت کیسکو کی خالی آسامیوں پر بھرتی کے لیے انٹرویوز کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایکسین کیسکو عیسیٰ جان بنگلزئی، ایس ڈی او سردار بشیر احمد محمدشہی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثار احمد نورزئی، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن ثناء اللہ، نادرا آفس انچارج ماہ نور، پولیس انسپکٹر کریم بخش سمالانی، انسپکٹر علی احمد نیچاری اور دیگر متعلقہ اہلکار شریک تھے۔
اجلاس میں اگلے روز سے شروع ہونے والے انٹرویوز کے انتظامات، امیدواروں کی سہولت، سیکیورٹی اور بھرتی کے عمل کو شفاف بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری نے کہا کہ انٹرویوز کے تمام مراحل شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ کے مطابق مکمل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ، کیسکو، محکمہ تعلیم، نادرا اور پولیس باہمی رابطے اور تعاون سے ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں تاکہ کسی قسم کی بے ضابطگی یا جانبداری کی گنجائش نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کرنا اور میرٹ کی بالادستی یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ متعلقہ محکمے انٹرویوز کے دوران نظم و ضبط، سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ امیدواروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


Comments are closed.