کوئٹہ میں تجاوزات کے خاتمے اور بڑے نالوں کی صفائی کے لیے کارروائیاں تیز

3

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 27 نومبر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی ہدایات پر صوبائی دارالحکومت میں تجاوزات کے خاتمے، صفائی ستھرائی کی بہتری اور نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن اور متعلقہ اداروں کی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

اس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کے احکامات پر مجسٹریٹ عامر قیصرانی اور اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کے سپروائزر سرور احمد کی نگرانی میں سریاب روڈ، لنک بادینی، بی بی زیارت اور موسیٰ کالونی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات بھاری مشینری اور عملے کی مدد سے ہٹا دی گئیں اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے راستے کلیئر کر دیے گئے۔

دوسری جانب رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن بشیر احمد بڑیچ نے شہباز ٹاؤن، فقیر آباد، بلوچستان یونیورسٹی، غوث آباد اور ملحقہ علاقوں میں صفائی ستھرائی، بڑے برساتی نالوں اور محکمہ آبپاشی کے مرکزی نالوں کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سینیٹیشن میٹروپولیٹن کارپوریشن انور لہڑی، ایکسین محکمہ آبپاشی مہراب بلوچ، ایس ڈی او زبیر باروزئی، صفا کوئٹہ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر دل نواز شاہ اور متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔ حکام نے جاری صفائی مہم، کوڑا کرکٹ اٹھانے اور نالوں سے گاد و کچرا نکالنے کے کاموں کا جائزہ لیا اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی۔

میر لیاقت علی لہڑی نے ہدایت کی کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن، محکمہ آبپاشی اور صفا کوئٹہ باہمی تعاون سے بڑے اور مرکزی نالوں کی صفائی کا عمل مزید تیز کریں تاکہ بارشوں یا کسی ہنگامی صورتحال میں نکاسی آب میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی بحال کرنے اور شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایڈمنسٹریٹر بشیر احمد بڑیچ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دستیاب مشینری اور وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شہر سے کچرے کے ڈھیروں اور نالوں کی گاد کا فوری خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے صفائی کے کام کی روزانہ نگرانی اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن حکام کے مطابق تجاوزات کے خلاف مہم جاری رہے گی اور دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ کوڑا کرکٹ گلیوں اور نالوں میں پھینکنے کے بجائے مقررہ مقامات پر ڈالیں اور شہر کو صاف رکھنے میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔

Web Desk

Comments are closed.