سوئی کے پبلک ویلفیئر ہسپتال میں بلڈ بینک قائم، ڈپٹی کمشنر نے افتتاح کر دیا
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
ڈیرہ بگٹی: پبلک ویلفیئر ہسپتال سوئی میں انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیرِ انتظام قائم کیے گئے بلڈ بینک کا افتتاح ڈپٹی کمشنر ساؤتھ ڈیرہ بگٹی زوہیب الحق اور ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر محمد حسین بگٹی نے کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے مختلف شعبوں کے سربراہان اور عملے کے ارکان بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد حسین بگٹی نے کہا کہ بلڈ بینک کا قیام علاقے کے مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی اور قیمتی انسانی جانیں بچانے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ خون کا عطیہ ایک عظیم انسانی خدمت ہے اور عوام کو چاہیے کہ وہ رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے صحت سے متعلق وژن کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر عبدالباری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے ایک بلڈ بینک سے انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے سفر کا آغاز کیا۔
ڈاکٹر محمد حسین بگٹی نے معززین، میڈیا نمائندگان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ خون کے عطیے سے متعلق آگاہی مہم میں بھرپور تعاون کریں اور رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے کی ترغیب دیں۔
انہوں نے بتایا کہ پبلک ویلفیئر ہسپتال سوئی نہ صرف ڈیرہ بگٹی بلکہ کشمور، صحبت پور، جعفرآباد اور ملحقہ علاقوں کے عوام کو بھی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر زوہیب الحق نے بلڈ بینک کے قیام کو علاقے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان کا وژن قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلڈ بینک کا قیام علاقے کے عوام کے لیے ایک بڑی سہولت اور نعمت ثابت ہوگا۔


Comments are closed.