ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو جدید سرکاری خدمات کے فروغ کی جانب اہم قدم: بلال خان کاکڑ

3

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 27 نومبر: بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (بی بی او آئی ٹی) کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کی جانب اہم اقدام ہے، جس کا مقصد سرکاری امور اور خدمات کی فراہمی میں ڈیجیٹل اصلاحات متعارف کرانا اور انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بی بی او آئی ٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالمعانان اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران وائس چیئرمین کو ایکسپو کی تیاریوں، انتظامی امور اور مجوزہ سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بلال خان کاکڑ نے کہا کہ ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو جدید تقاضوں اور بین الاقوامی معیار کے مطابق منعقد کی جائے گی، جس میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، جدت اور عوامی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپو کا مقصد ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ، سرکاری اداروں کی استعداد کار میں اضافے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل حل متعارف کرانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

وائس چیئرمین نے مزید کہا کہ حال ہی میں منعقدہ بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) بھی تاریخی کامیابی سے ہمکنار ہوئی، جس کے ذریعے بلوچستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے پیش کرنے اور صوبے میں سرمایہ کاری، تجارت اور کاروبار کے مواقع کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو اسی سلسلے کی ایک اور اہم پیش رفت ہے، جس کا مقصد صوبے میں ڈیجیٹل تبدیلی، تکنیکی ترقی اور جدت کو نمایاں کرنا ہے۔

Web Desk

Comments are closed.