عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
بر سوات: وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کو امن، ترقی اور خوشحالی دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ سوات اور مالاکنڈ ڈویژن کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دے کر ملک سے اپنی وابستگی ثابت کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بر سوات میں ایک بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں سابق سینئر وزیر شجاعت علی خان کے فرزند اور سابق ضلعی ناظم اعلیٰ سوات جمال ناصر خان نے اپنے خاندان اور ہزاروں ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔ جمال ناصر خان اور ان کے ساتھیوں نے قائد میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور انجینئر امیر مقام کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
انجینئر امیر مقام نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں اور کارکنوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اتحاد سوات اور پورے مالاکنڈ ڈویژن میں ترقی اور خوشحالی لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور عوام نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ سوات کے عوام نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا، مشکلات برداشت کیں اور اپنے ہی ملک میں نقل مکانی پر مجبور ہوئے، تاہم انہوں نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان دنیا میں امن کا سفیر بن چکا ہے۔ انہوں نے پاک افواج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے دشمن کو بھرپور جواب دیا۔
انجینئر امیر مقام نے پاکستان کے پہلے خلائی مشن میں پاکستانی سپوت ذیشان علی کی کامیابی کو بھی قوم کے لیے قابل فخر قرار دیا اور کہا کہ پاک چین دوستی اب نئی بلندیوں تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج سوات کے عوام یوم نجات منا رہے ہیں اور خیبر پختونخوا کے عوام نے انتشاری سیاست کو مسترد کرکے امن اور ترقی کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں گزشتہ 14 سالہ حکمرانی کے دوران ہونے والی مبینہ لوٹ مار کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی بہتری اور امن کے قیام کے لیے ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے۔
جلسہ عام کو خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی 14 سالہ حکمرانی کے خاتمے کی خوشی میں ’’یوم نجات‘‘ کے طور پر منعقد کیا گیا۔ جلسے میں شریک عوام اور کارکنوں نے انجینئر امیر مقام، میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے حق میں پرجوش نعرے لگائے، جبکہ امن، ملکی سلامتی اور استحکام کے حق میں بھی آوازیں بلند کی گئیں۔
جلسے سے سابق ممبر صوبائی اسمبلی و بر سوات صدر قیموس خان، ممبر صوبائی اسمبلی محمد رشاد خان، ایڈووکیٹ لیاقت علی خان، رحمت علی خان، سوات صدر ایڈووکیٹ قوی خان، حاجی جلات خان گجر، برکت علی خان، سابق ضلع ناظم و سوات ڈویژن کے سیکرٹری جنرل محمد علی شاہ خان، سابق صوبائی وزیر و سوات ڈویژن پارٹی صدر واجد علی خان، سابق ممبر صوبائی اسمبلی و اپر سوات عظمت علی خان اور جمال ناصر خان نے بھی خطاب کیا۔


Comments are closed.