گوادر میں روزانہ 10 لاکھ گیلن پانی صاف کرنے والے ڈی سیلینیشن پلانٹ کا صوبائی سیکرٹریز کے وفد نے معائنہ کیا

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گوادر: ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم کی سربراہی میں صوبائی سیکرٹریز کے اعلیٰ سطحی وفد نے گوادر پورٹ کا دورہ کیا اور گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) کے واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ وفد نے پلانٹ کی پیداواری صلاحیت، پانی صاف کرنے کے نظام اور شہر کو پانی کی فراہمی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ اور جی پی اے کے اعلیٰ حکام نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر چیئرمین گوادر پورٹ اور پلانٹ انچارج انجینئر گلزار بلوچ نے وفد کو پلانٹ کی کارکردگی، سمندری پانی کو پینے کے قابل بنانے کے مراحل اور شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

چیئرمین گوادر پورٹ نے بتایا کہ جی پی اے کا ڈی سیلینیشن پلانٹ روزانہ 10 لاکھ گیلن سمندری پانی صاف کرکے پینے کے قابل بناتا ہے۔ پلانٹ میں تیار ہونے والا پانی ٹی ڈی ایس کی سطح کے لحاظ سے عالمی ادارہ صحت کے مقررہ معیار کے مطابق ہے، جبکہ پانی کی فی گیلن پیداواری لاگت بھی انتہائی کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کے بحران کے دوران بھی شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی گئی، جو پلانٹ کی مسلسل فعالیت اور مؤثر انتظامی اقدامات کا نتیجہ ہے۔

صوبائی سیکرٹریز کے وفد نے گوادر پورٹ اتھارٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈی سیلینیشن پلانٹ نے شہر میں پانی کے بحران پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وفد کے مطابق پلانٹ مستقبل میں بھی ممکنہ آبی بحران سے نمٹنے اور شہریوں کو پانی کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے اہم سہولت ثابت ہوگا۔

وفد میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شہزیب خان، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن لال جان جعفر، سیکرٹری زراعت و کوآپریٹوز داود خان خلجی، سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمٰن بلوچ، سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی، محکمہ مواصلات و تعمیرات اور فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ کے ڈاکٹر سجاد بلوچ، ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ سمیت دیگر حکام شامل تھے۔

Web Desk

Comments are closed.