جامعہ تربت میں آفات سے نمٹنے اور نوجوانوں کی مزاحمتی صلاحیت بڑھانے کے لیے تربیتی ورکشاپ
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
تربت: جامعہ تربت کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے گرین یوتھ موومنٹ کلب کے زیر اہتمام یونیورسٹی کے ویڈیو کانفرنس روم میں نوجوانوں کو آفات سے نمٹنے اور مزاحمتی صلاحیت بڑھانے کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی۔
ورکشاپ کا عنوان ’’ٹریننگ ایڈولسینٹس اینڈ یوتھ فار ایکشن اینڈ ریزیلینس‘‘ تھا، جس میں جامعہ تربت کے مختلف تعلیمی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے 50 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
گرین یوتھ موومنٹ کلب کے فوکل پرسن جیئند بلوچ نے مختلف سیشنز کی صدارت کی، جبکہ آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین سدو احمد علی، زکیہ واحد اور منظور نے ورکشاپ کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔
ورکشاپ کے ریسورس پرسن اور گرین یوتھ موومنٹ کلب کے نائب کپتان فہد شبیر نے شرکاء کو آفات کے خطرات میں کمی کے بنیادی اصولوں، خطرات کی نوعیت، ان کے منفی اثرات اور مزاحمتی صلاحیت میں اضافے کے طریقوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے مکران کی ساحلی پٹی کو درپیش ہیٹ ویو، اچانک سیلاب، قحط سالی، زلزلے، گرد آلود طوفان اور آتشزدگی جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے عملی تدابیر پر بھی روشنی ڈالی۔
ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء سے فیڈ بیک لیا گیا، جبکہ تمام 50 تربیت یافتہ طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں اور انہیں نیشنل والنٹیر کور میں باقاعدہ رجسٹرڈ کیا گیا۔
ترجمان جامعہ تربت کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز، گرین یوتھ موومنٹ کلب اور دیگر اسٹوڈنٹ سوسائٹیز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسٹوڈنٹ سوسائٹیز نصابی سرگرمیوں اور سماجی ذمہ داریوں کے درمیان اہم پل کا کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ میں قیادت اور فلاحی جذبے کو اجاگر کرنے کے لیے یونیورسٹی تمام اسٹوڈنٹ کلبز اور سوسائٹیز کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔


Comments are closed.