فلسطین کے منصفانہ حل کے بغیر مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن ممکن نہیں، صدر زرداری

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

 

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے فلسطینی عوام کے حقِ آزادی، وقار اور خودارادیت کے لیے پاکستان کی اصولی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں۔

 

فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور بااثر عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ محض تشویش کے اظہار سے آگے بڑھتے ہوئے فلسطینی عوام کی مشکلات ختم کرنے اور ایک آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ٹھوس اور بامعنی اقدامات اٹھائیں۔

 

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ غزہ میں جاری انسانی بحران، شہریوں کی جانوں کا المناک ضیاع، گھروں اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی، جبری بے دخلی اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ فلسطینی عوام کے مصائب عالمی برادری کی جانب سے ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے میں ناکامی کا بھی مظہر ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے کی صورتحال بھی تشویشناک ہے، جہاں آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد، غیر قانونی بستیوں کی توسیع اور الحاق کی کوششوں نے امن کے امکانات کو مزید نقصان پہنچایا ہے۔

 

صدر مملکت نے کہا کہ فلسطین کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی ہماری قومی بنیادوں میں پیوست ہے۔ مارچ 1940ء میں آل انڈیا مسلم لیگ کے تاریخی لاہور اجلاس میں، جہاں قیام پاکستان کی بنیاد بننے والی قرارداد منظور کی گئی، فلسطین کے عربوں کے حقوق کی حمایت میں بھی ایک الگ قرارداد منظور کی گئی تھی۔ قائداعظم محمد علی جناح نے بھی فلسطینی عوام کے جائز مطالبات کی بھرپور حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے ساتھ پاکستان کی وابستگی قیام پاکستان سے بھی پہلے کی ہے اور ہمارے بنیادی اصولوں کا جزوِ لاینفک ہے۔

 

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی فورمز پر فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے اور ان کے جائز حقوق اور امنگوں کے حصول کے لیے منصفانہ اور پرامن تصفیے کی وکالت کرتا رہے گا۔

 

انہوں نے پاکستان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جون 1967ء سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور متصل فلسطینی ریاست قائم ہونی چاہیے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

 

صدر مملکت نے فلسطینی عوام کی جرات اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی کاز کے لیے اپنی سیاسی، سفارتی، انسانی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

 

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں پر جوابدہی یقینی بنانے، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی میں سہولت پیدا کرنے اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے قابلِ اعتبار سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

 

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق سے انکار کو غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ فلسطین کے لیے انصاف محض علاقائی مسئلہ نہیں بلکہ بین الاقوامی قانون، انسانی وقار اور اقوام متحدہ کے بنیادی اصولوں سے عالمی برادری کی اجتماعی وابستگی کا امتحان ہے۔

 

انہوں نے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اس وقت تک مضبوطی سے کھڑا رہے گا جب تک وہ اپنے حقِ خودارادیت کے استعمال اور اپنی آزاد، خودمختار اور متصل ریاست میں آزادی، وقار اور دیرپا امن کے ساتھ زندگی گزارنے کے قابل نہیں ہو جاتے۔

Web Desk

Comments are closed.