عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد: لوک ورثہ، شکرپڑیاں، اسلام آباد میں جاری لوک میلہ 2026 میں کشمیری ثقافت، روایتی فنون، دستکاری، لوک موسیقی اور علاقائی روایات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جا رہا ہے۔ میلے میں کشمیر پویلین خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جہاں کشمیری ثقافت کی خوبصورتی، قدیم روایات اور منفرد تہذیبی ورثے کی دلکش جھلکیاں پیش کی جا رہی ہیں۔











کشمیر پویلین میں روایتی کشمیری دستکاری، کڑھائی، شالیں، ملبوسات، ثقافتی اشیاء اور مقامی ہنرمندی کے دیگر نمونے نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں، جنہیں دیکھنے کے لیے شہریوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد دلچسپی کا اظہار کر رہی ہے۔ کشمیری ہنرمندوں اور فنکاروں کی شرکت نے میلے کی ثقافتی رنگارنگی میں مزید اضافہ کیا ہے۔
لوک میلہ 2026 کے سلسلے میں منعقدہ کشمیر میوزیکل نائٹ بھی نمایاں ثقافتی تقریب رہی، جس میں کشمیری فنکاروں نے اپنی خوبصورت آوازوں، روایتی لوک گیتوں اور دلکش موسیقی سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ کشمیری موسیقی کی مٹھاس، روایتی دھنوں اور ثقافتی رنگوں نے شرکاء کو کشمیر کی حسین تہذیبی اور موسیقی کی روایات سے روشناس کرایا۔
کشمیر میوزیکل نائٹ میں پیش کیے جانے والے روایتی کشمیری گیتوں اور موسیقی کو حاضرین نے بے حد سراہا۔ اس تقریب نے کشمیری ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں کے لوگوں کو ایک دوسرے کی تہذیب، روایات اور فنون سے قریب آنے کا موقع بھی فراہم کیا۔
لوک ورثہ کی جانب سے لوک میلہ 2026 میں کشمیری ثقافت کی بھرپور نمائندگی اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان کے تمام علاقائی ثقافتی رنگوں، روایات اور فنون کو یکساں اہمیت دیتے ہوئے قومی ورثے کا حصہ بنایا جائے۔
لوک میلہ 2026، 6 دسمبر تک لوک ورثہ، شکرپڑیاں، اسلام آباد میں جاری رہے گا، جہاں عوام کو پاکستان کے تمام صوبوں، خطوں اور بین الاقوامی ثقافتوں کے رنگ ایک ہی مقام پر دیکھنے کا موقع میسر آ رہا ہے۔

Comments are closed.