ملائیشیا کے جوآخیم چواہ نے چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ جیت لی

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

 

اسلام آباد: چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2026 مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی، جس میں ملائیشیا کے جوآخیم چواہ نے اپنے ہم وطن یی ژیان سیو کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

 

پاک فضائیہ کی سرپرستی میں 24 سے 28 نومبر تک منعقدہ پانچ روزہ بین الاقوامی چیمپئن شپ میں آٹھ ممالک کے 24 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان، مصر، ملائیشیا، فرانس، سوئٹزرلینڈ، کینیڈا، بیلجیئم اور ہانگ کانگ چین کے کھلاڑی شریک ہوئے۔

 

فائنل میں جوآخیم چواہ نے یی ژیان سیو کو 11-3، 11-4 اور 11-8 سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی۔ دونوں ملائیشین کھلاڑیوں نے عمدہ مہارت، جسمانی استعداد اور بھرپور عزم کا مظاہرہ کیا۔

 

اختتامی تقریب میں ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف (ایئر ڈیفنس) ایئر مارشل محمد سرفراز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور فائنلسٹ کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ فائنل مقابلہ صدر پاکستان اسکواش فیڈریشن ایئر مارشل کاظم حماد، اسکواش کے نامور سابق چیمپئنز، اعلیٰ سول و عسکری حکام، شریک ممالک کے نمائندگان، کھلاڑیوں اور کوچز نے دیکھا۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر مارشل محمد سرفراز نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی، نظم و ضبط اور مسابقتی جذبے کو سراہا۔ انہوں نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر ایئر مارشل کاظم حماد اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسکواش میں عالمی سطح پر اپنے سابقہ مقام کی بحالی کے لیے پاک فضائیہ مسلسل کردار ادا کر رہی ہے۔ ادارہ جاتی سرپرستی، عالمی معیار کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور مؤثر تربیتی نظام کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

 

ایئر مارشل محمد سرفراز نے کہا کہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ نے قومی اسکواش کے احیاء کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں، جن کا مقصد نئے ٹیلنٹ کی نشاندہی، مستقبل کے چیمپئنز کی تربیت اور پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

 

چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد پاکستان میں اسکواش کے فروغ اور عالمی سطح پر قومی کھیلوں کی روایت کو دوبارہ مضبوط بنانے کے لیے پاک فضائیہ کی سرپرستی اور عزم کا مظہر ہے۔

Web Desk

Comments are closed.