اُستہ محمد میں ایک ہی روز موٹر سائیکل چھیننے کی تین وارداتیں، شہریوں میں تشویش

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

 

اُستہ محمد: ضلعی ہیڈکوارٹر اُستہ محمد شہر میں ایک ہی روز موٹر سائیکل چھیننے کی تین وارداتوں نے شہریوں اور تاجر برادری میں تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

 

تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس تھانے کی حدود میں ریلوے پھاٹک کے قریب امام بارگاہ کے مقام پر مسلح افراد آصف علی جمالی سے سی ڈی 70 موٹر سائیکل ماڈل 2022 اور انفنکس موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔

 

دوسری واردات جیکب آباد پھاٹک کے مقام پر پیش آئی، جہاں مسلح ملزمان حماد اللہ صوبھانی جمالی سے سی ڈی 70 موٹر سائیکل ماڈل 2016، موبائل فون اور 20 ہزار روپے نقدی چھین کر لے گئے۔

 

تیسری واردات فردوس کالونی میں ہوئی، جہاں ملزمان عرفان میکن سے سی ڈی 70 موٹر سائیکل ماڈل 2019 چھین کر باآسانی فرار ہو گئے۔

 

ایک ہی روز تین موٹر سائیکلیں چھینے جانے کے واقعات نے شہریوں اور تاجر برادری میں عدم تحفظ اور مایوسی کی فضا پیدا کر دی ہے۔

 

اُستہ محمد کے تاجروں اور شہریوں نے ڈی آئی جی پولیس نصیر آباد اور ایس پی اُستہ محمد سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی کا فوری نوٹس لیا جائے، وارداتوں میں ملوث ملزمان کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جائے، چھینی گئی موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد کیا جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

 

رپورٹ: عبداللہ مگسی

Web Desk

Comments are closed.