صدر زرداری کا فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عزم کا اعادہ، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر زور

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں فلسطین کے لیے پاکستان کی سیاسی، سفارتی، انسانی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

صدر مملکت نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن اسرائیلی قبضے کے مکمل خاتمے سے ہی ممکن ہے۔ فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت انتہائی تشویش کا باعث ہے، جبکہ فلسطینی عوام کے مصائب عالمی برادری کی ناکامی کا بھی مظہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے کی صورتحال بھی پریشان کن ہے۔ غیر قانونی بستیوں کی توسیع اور الحاق کی کوششوں نے امن کے امکانات کو نقصان پہنچایا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ فلسطین کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی ہماری قومی شناخت کی بنیادوں میں پیوست ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے بھی فلسطینی عوام کے مطالبات کی بھرپور حمایت کی تھی اور فلسطین کے ساتھ پاکستان کی وابستگی قیامِ پاکستان سے پہلے کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی فورمز پر فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے اور ان کی امنگوں کے مطابق پُرامن تصفیے کی حمایت جاری رکھے گا۔

صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔

Web Desk

Comments are closed.