جعفرآباد میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ، گرانفروشی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

نصیرآباد: ضلعی انتظامیہ جعفرآباد نے عوام کو سرکاری نرخوں پر معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے اور ناجائز منافع خوری و گرانفروشی کی روک تھام کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ اللہ یار دھیرج کالرا کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف تجارتی تنظیموں کے نمائندوں، تاجر برادری کے عہدیداروں اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں شہر میں اشیائے خوردونوش کی موجودہ قیمتوں، ضروری اشیا کی دستیابی اور سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سبزیوں، پھلوں، گوشت، دالوں، چاول اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں پر بھی غور کیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے تاجروں کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ سرکاری نرخوں کے مطابق معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائیں اور خودساختہ قیمتوں میں اضافے سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ افسران کو روزانہ بازاروں کا دورہ کرنے، قیمتوں کی جانچ پڑتال اور سرکاری نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کرانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

 

Web Desk

Comments are closed.