ضلع کیچ میں سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی، عملے کی حاضری اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے سرکاری اسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں طبی سہولیات، عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالروف بلوچ، ایم ایس ٹیچنگ اسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلیدئی، ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی مکران مرتضیٰ بلوچ، ڈرگ انسپکٹر اکرم بلوچ، خزانہ آفیسر صدام بلوچ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے ضلع بھر میں صحت کی سہولیات، ملازمین کی حاضری اور غیر حاضر ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی سمیت انتظامی امور پر بریفنگ دی۔
ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی مکران نے بتایا کہ ضلع کیچ میں ادارے کے تحت مختلف بنیادی مراکز صحت میں مجموعی طور پر 132 ملازمین فرائض انجام دے رہے ہیں۔ غیر حاضری کی بنیاد پر رواں ماہ چار ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کی گئی ہے جبکہ ادارے کے پاس آئندہ چار ماہ کے لیے ادویات کا ذخیرہ موجود ہے۔
ایم ایس ٹیچنگ اسپتال تربت نے بتایا کہ اسپتال میں مصنوعی ذہانت پر مبنی حاضری کے نظام کو بعض تکنیکی مسائل کا سامنا ہے، تاہم رواں ماہ کسی ملازم کی غیر حاضری رپورٹ نہیں ہوئی۔ انہوں نے میڈیکل اسٹورز سے متعلق مسائل اور ان کے حل کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری اسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے، غیر حاضر ملازمین کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے اور ادویات کی دستیابی و شفاف تقسیم پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔


Comments are closed.