عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ترکیہ کے تجربات اور تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتار اور ان کے وفد کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی تعلقات دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔ وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس پاکستان بھیجنے اور سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں مکمل تعاون فراہم کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے علاوہ معدنیات اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتار نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کی پاکستان آمد سے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ اپنی تکنیکی مہارت، سائنسی تجربے اور انجینئرنگ کی صلاحیتوں کو پاکستان کے فائدے کے لیے بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔
ترک وزیر کے مطابق تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس تقریباً دو ماہ تک سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کی نشاندہی کے لیے سہ جہتی زلزلہ پیما سروے کرے گا۔ اس سروے سے حاصل ہونے والے سائنسی اعداد و شمار مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور ڈرلنگ کے امکانات کا تعین کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ترک وفد میں رکن ترک پارلیمنٹ اور پاکستان۔ترکیہ دوستی گروپ کے صدر علی شاہین، پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو اور ترک وزارت توانائی کے سینئر حکام شامل تھے۔
عشائیے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جنید انوار چوہدری، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک اور سردار اویس احمد خان لغاری، وزیراعظم کے مشیر محمد علی اور معاونین خصوصی طارق فاطمی اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال نے بھی شرکت کی۔


Comments are closed.