شفافیت اور خود احتسابی وزیراعظم شہباز شریف کے طرز حکمرانی کے بنیادی اصول ہیں، عطا اللہ تارڑ

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ شفافیت اور خود احتسابی وزیراعظم محمد شہباز شریف کے طرز حکمرانی کے بنیادی اصول ہیں، جبکہ ادارہ جاتی اصلاحات کا مقصد نظام کی خامیوں کی نشاندہی، بدعنوانی کی روک تھام اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔

وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر تیار کی گئی بدعنوانی کے خطرات اور ادارہ جاتی کمزوریوں کی قومی جائزہ رپورٹ اسی اصلاحاتی عمل کا حصہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رپورٹ میں نظام کی خامیوں کی نشاندہی، اصلاحات کی تجاویز اور متعلقہ اداروں کے لیے قابل عمل اہداف متعین کیے گئے ہیں۔ سرکاری ویب سائٹ پر جاری ہونے کے بعد یہ رپورٹ وفاقی اداروں اور صوبائی حکومتوں کے لیے رہنما دستاویز ثابت ہوگی۔

عطا اللہ تارڑ نے ماضی میں پنجاب میں میرٹ پر بھرتیوں اور شفافیت کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی کیمروں اور فرانزک لیبارٹری جیسے منصوبے ادارہ جاتی بہتری کی مثالیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بھی سرکاری وسائل کے ضیاع اور بدعنوانی سے متعلق شکایات کے تناظر میں مختلف اداروں کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیاں کیں۔ پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ، پاسکو اور یوٹیلیٹی اسٹورز سے متعلق اقدامات کا مقصد سرکاری شعبے کی کارکردگی اور وسائل کے استعمال کو بہتر بنانا تھا۔

وفاقی وزیر نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات، خصوصاً فیس لیس اسیسمنٹ نظام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران متعارف کرائے گئے اقدامات کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا اور بدعنوانی کے امکانات کم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں بھی اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہیں اور قومی جائزہ رپورٹ کی سفارشات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے اداروں کی کارکردگی بہتر بنا سکتی ہیں۔

پیٹرولیم ریلیف اور صارفین کو سہولت

پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق سوال کے جواب میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عالمی سطح پر مشکل حالات کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی اور بروقت انتظامات کے باعث صورتحال معمول کے مطابق رہی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر 50 سے 70 روپے تک اضافے کے دوران وزیراعظم نے 129 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی تاکہ ملک میں قیمتوں میں فوری اضافہ نہ ہو۔

انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں ایندھن ریلیف اسکیم متعارف کرائی گئی، جس کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو ہفتہ وار 500 روپے جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت فراہم کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق عالمی منڈی میں پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے باوجود وزیراعظم نے ریلیف اسکیم جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پرائس کنٹرول نظام اور ضلعی انتظامیہ کو مزید ہدایات دی جائیں گی تاکہ اشیائے خورونوش سرکاری نرخوں پر دستیاب ہوں۔

اپنا گھر اسکیم اور صنعتی ترقی

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اپنا گھر اسکیم سے تعمیراتی شعبے کے ساتھ اس سے وابستہ تقریباً 15 دیگر صنعتوں کو بھی فائدہ پہنچے گا، جن میں سیمنٹ، سریا، بجری اور تعمیراتی سامان کی صنعتیں شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آسان شرائط پر 100 ارب روپے سے زائد کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جس سے ملک بھر کے شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اسکیم صنعتی سرگرمیوں کے فروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا ذریعہ بنے گی۔

نئے صوبوں کا قیام اور عوامی رائے

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اس معاملے میں عوامی رائے کو بنیادی اہمیت حاصل ہونی چاہیے اور لوگوں کی رائے معلوم کرنے کے لیے ریفرنڈم بھی کرایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں قومی اہمیت اور عوامی مفاد کے معاملات پر ریفرنڈم کی گنجائش موجود ہے۔ کسی بھی فیصلے سے پہلے عوام کو اپنی رائے دینے کا موقع ملنا چاہیے۔

خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال سے متعلق سوال پر انہوں نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی معاملات میں عوامی رائے کو اہمیت دی جانی چاہیے اور قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان گزشتہ روز خوشگوار ملاقات ہوئی، جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی مفاہمت اور اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت پر غور کیا گیا۔

سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ برآمد کنندگان، تنخواہ دار طبقے اور کاروباری برادری وزیراعظم کی اقتصادی پالیسیوں اور اقدامات کو سراہ رہی ہے۔

انہوں نے برآمد کنندگان پر سپر ٹیکس کے خاتمے، کاروباری شعبے کے لیے مزید سہولیات اور نئی آٹو پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور عوام کے لیے سہولیات میں اضافہ کرنا ہے۔

غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے انہوں نے سعودی کمپنی آرامکو کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں سامنے آنے والے مواقع کا ذکر کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ معدنیات سے متعلق کانفرنس میں طے پانے والے معاہدوں کے تحت وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا تھا کہ پاکستان میں معدنیات کی مکمل ویلیو چین قائم کی جائے، مقامی سطح پر پراسیسنگ ہو اور تیار مصنوعات پاکستان سے برآمد کی جائیں۔

انہوں نے سروس ٹائرز اور چینی کمپنی کے مشترکہ منصوبے کو صنعتی تعاون اور برآمدات میں اضافے کی مثال قرار دیا۔

عطا اللہ تارڑ نے ترکیہ کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون اور تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کی پاکستان آمد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت حکومت اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نئی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے، کاروباری مواقع بڑھانے اور معاشی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے مربوط کوششیں کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی توجہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ، معاشی مواقع میں اضافے اور عوامی خدمات کی بہتری پر مرکوز ہے۔

Web Desk

Comments are closed.