عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد: پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی (PACA) نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں ڈیجیٹل اور کرپٹو کرنسیوں کے لین دین کی نگرانی، سراغ رسانی اور ٹریکنگ سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کے لیے دو روزہ صلاحیت سازی کورس منعقد کیا۔
خصوصی تربیتی کورس (CBC-III) 16 سے 17 نومبر تک اسلام آباد میں اکیڈمی کے کیمپس میں منعقد ہوا، جس میں قومی احتساب بیورو (نیب) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے بالمشافہ اور آن لائن شرکت کی۔
کورس کا افتتاح پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل غلام صفدر شاہ نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ورچوئل کرنسیوں اور مالیاتی جرائم میں ان کے ممکنہ غلط استعمال سے پیدا ہونے والے پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔
دو روزہ کورس کے دوران سینئر ماہرین نے چار جامع تربیتی سیشنز منعقد کیے۔ پہلے روز بلاک چین ٹیکنالوجی، بٹ کوائن کے طریقہ کار، ٹرون نیٹ ورک پر یو ایس ڈی ٹی کے لین دین، غیر مرکزی مالیاتی پلیٹ فارمز اور تحقیقات کے دوران مشتبہ سرگرمیوں کی نشاندہی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
شرکاء کو عالمی ضابطہ کار نظام، ایف اے ٹی ایف کی سفارشات، پاکستان میں مالیاتی ضوابط کی پیش رفت، پیوارا کے قیام، ورچوئل اثاثہ جات کے قانون 2026ء، بینکنگ چینلز کی نگرانی اور متعدد ڈیجیٹل والیٹس کے ذریعے یو ایس ڈی ٹی لین دین کی سراغ رسانی سے متعلق عملی کیس اسٹڈیز سے بھی آگاہ کیا گیا۔
دوسرے روز عملی تفتیشی طریقہ کار، شواہد کے تحفظ اور ٹریس ایکس (Trace X) پلیٹ فارم کا براہ راست مظاہرہ پیش کیا گیا، جس میں ڈیجیٹل والیٹس کی درجہ بندی، مختلف بلاک چین نیٹ ورکس کے درمیان لین دین کا تجزیہ اور عدالت میں پیش کیے جانے کے قابل فرانزک رپورٹس کی تیاری شامل تھی۔
آخری سیشنز میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے مالیاتی فراڈ، ڈیپ فیکس اور پیئر ٹو پیئر (P2P) اسکیمز جیسے نئے خطرات کے علاوہ نیب، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی، ایف آئی اے، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ، پیوارا، اسٹیٹ بینک اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پروگرام کے اختتام پر ماہرین اور تربیتی وسائل فراہم کرنے والوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ یہ اقدام جدید ڈیجیٹل مالیاتی جرائم سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ادارہ جاتی نظام اور تحقیقاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔


Comments are closed.