نصیرآباد میں ترقیاتی منصوبوں پر 70 فیصد تک کام مکمل، معیار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، ڈپٹی کمشنر
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
نصیرآباد، 18 نومبر: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی معیار برقرار رکھنا متعلقہ محکموں کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا ناقص کام برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں ایگزیکٹو انجینئرز اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے فیز ٹو اور فیز تھری کے تحت جاری اور مکمل ہونے والے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ فیز ٹو کے تحت منظور شدہ تمام ترقیاتی اسکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ فیز تھری کے منصوبوں پر تقریباً 60 سے 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی کام تیزی سے جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے، تعمیراتی میٹریل کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے اور کام کی رفتار تیز کرتے ہوئے تمام اسکیمیں مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد عوام کو بہتر شہری سہولیات فراہم کرنا، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور علاقے میں ترقی کے عمل کو آگے بڑھانا ہے۔

Comments are closed.