قلعہ عبداللہ میں منظم جرائم کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم، وزیراعلیٰ نے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے متعلقہ حکام کو مربوط حکمت عملی کے تحت مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ بھتہ خوری، اسمگلنگ، منشیات اور دیگر منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ علاقے میں جرائم پیشہ سرگرمیوں کا خاتمہ اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی، رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات، متعلقہ ڈویژن کے کمشنر، ڈی آئی جی اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں قلعہ عبداللہ میں پائیدار امن کے قیام اور منظم جرائم کے سدباب کے لیے جامع اقدامات کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر پیش کی جائے۔

انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔

Web Desk

Comments are closed.