رخشان ڈویژن میں امن و امان کی بہتری، پولیس نفری اور وسائل میں اضافے کے اہم فیصلے

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 24 نومبر: انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر خان کی زیر صدارت خاران سمیت رخشان ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال، اسٹریٹ کرائم کی روک تھام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز سمیت پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ ڈی آئی جی رخشان ڈویژن عبدالحئی بلوچ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کرتے ہوئے ڈویژن، بالخصوص ضلع خاران میں امن و امان، اسٹریٹ کرائم اور سیکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں خاران میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ آئی جی پولیس محمد طاہر خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی تحفظ یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور پولیس گشت و نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

اجلاس میں خاران پولیس کو درپیش مسائل، افرادی قوت کی کمی اور وسائل کی ضروریات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پولیس نفری میں اضافے، انفراسٹرکچر کی بہتری اور ضروری سہولیات کی فراہمی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے تاکہ پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے۔

اجلاس میں خاران میں مختلف سیاسی جماعتوں کے دھرنوں، جلسوں اور احتجاجی سرگرمیوں سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔

صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ خاران سمیت رخشان ڈویژن میں امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پولیس کو درپیش مسائل کے حل، نفری میں اضافے، وسائل کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مؤثر حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری رکھیں گے۔

Web Desk

Comments are closed.