وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خلا میں موجود پاکستانی خلاباز سے براہِ راست گفتگو

3

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 28 نومبر: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خلا میں موجود پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی سے براہِ راست گفتگو کی اور خلائی مشن کے دوران سائنسی خدمات انجام دینے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے پہلے خلاباز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خلا کی وسعتوں میں پاکستان کے پرچم کی نمائندگی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے خلاباز کی خدمات اور سائنسی مشن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران محمد ذیشان علی نے کہا کہ خلا میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ انہوں نے وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز کے حوصلہ افزا کلمات اور نیک تمناؤں پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

پاکستانی خلاباز نے بتایا کہ وہ چین کے خلائی اسٹیشن پر پوری لگن اور توجہ کے ساتھ سائنسی تحقیق میں مصروف ہیں اور پاکستانی قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں ادا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی جانب سے خلاباز کے ساتھ براہِ راست رابطہ پاکستان کے خلائی تحقیق کے سفر میں ایک یادگار اور قابلِ فخر لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ پیش رفت خلائی سائنس، تحقیق اور عالمی سطح پر پاکستان کی سائنسی نمائندگی کے حوالے سے بھی خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔

Web Desk

Comments are closed.