پشین میں 34 ایکڑ اراضی پر کاشت کی گئی بھنگ کی فصل تلف
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشین: محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و انسداد منشیات نے ضلعی انتظامیہ، انٹیلی جنس بیورو اور پولیس کے ہمراہ تحصیل حرمزئی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 34 ایکڑ اراضی پر کاشت کی گئی بھنگ کی فصل تلف کر دی۔
یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر پشین کی ہدایت اور اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں حکومت بلوچستان کی غیر قانونی منشیات کی کاشت کے خاتمے کی پالیسی کے تحت عمل میں لائی گئی۔
کارروائی کے دوران غواز کلی منذری میں تقریباً 11 ایکڑ جبکہ کلی بالا منذری میں دو مختلف مقامات پر تقریباً 23 ایکڑ اراضی پر کاشت کی گئی بھنگ کی فصل کو تلف کیا گیا۔
حکام کے مطابق کارروائی کا مقصد منشیات کی غیر قانونی کاشت کی روک تھام، نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنا اور معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے کی کوششوں کو مؤثر بنانا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے منشیات کی غیر قانونی کاشت اور کاروبار کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔


Comments are closed.